ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہنگائی سے بڑی راحت! خوردہ مہنگائی 2سال کی کم ترین سطح پر

مہنگائی سے بڑی راحت! خوردہ مہنگائی 2سال کی کم ترین سطح پر

Tue, 13 Jun 2023 11:24:38    S.O. News Service

نئی دہلی، 13/جون(ایس او نیوز/ایجنسی) مہنگائی کے محاذ پر عام آدمی کو بڑی راحت ملی ہے۔ مئی مہینے کے کنزیومر پرائس انڈیکس یعنی سی پی آئی کے اعداد و شمار جاری ہوگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان میں ریٹیل انفلیشن کی شرح سالانہ بنیاد پر 25 مہینے کی نچلی سطح 4.25 فیصد پر آگئی ہے۔ جبکہ اپریل میں یہ 4.70 فیصد تھی۔ یہ اعداد و شمار نہ صرف عام آدمی کیلئے بلکہ سرکار اور آر بی آئی کیلئے راحت کی خبر لے کر آئے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کو لے کر ریزرو بینک کی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں۔

سی پی آئی پر مبنی مہنگائی لگاتار چوتھے مہینے ریزرو بینک کی مقررہ حد دو سے چھ فیصدی کے اندر رہی ہے۔ جنوری سے اب تک 227 بیسس پوائنٹ کی بھاری گراوٹ کے باوجود سی پی آئی مہنگائی لگاتار 44ویں مہینے ریزرو بینک آف انڈیا کی درمیانی مدت کا ہدف چار فیصد سے اوپر برقرار ہے۔

مئی میں خوراک اور ایندھن کی مصنوعات کی قیمتوں میں نرمی سے خوردہ افراط زر کی شرح کم ہوکر 25 ماہ کی کم ترین سطح 4.25 فیصد تک پہنچ گئی۔ یہ معلومات پیر کو حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار میں دی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق مئی 2023 میں خوردہ افراط زر کی شرح 4.25 فیصد رہی، جو اپریل 2021 کے بعد سب سے کم سطح ہے۔ اپریل 2021 میں خوردہ افراط زر کی شرح 4.23 فیصد رہی تھی۔

اپریل 2023 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی افراط زر کی شرح 4.7 فیصد رہی تھی۔ جبکہ ایک سال قبل مئی 2022میں خوردہ مہنگائی 7.04 فیصد کی سطح پر تھی۔ اس طرح خوردہ مہنگائی میں مسلسل چوتھے مہینے کمی آئی ہے۔

اس کے ساتھ یہ لگاتار تیسرا مہینہ ہے جب ریزرو بینک آف انڈیا کیلئے خوردہ افراط زر اطمینان بخش سطح پر ہے۔ حکومت نے ریزرو بینک کو دو فیصد کی کم زیادہ کے مارجن کے ساتھ خوردہ افراط زر کو 4 فیصد پر رکھنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔


Share: